روٹی
پِکس فیول کی طرف سے

یُوحنا 6: 59-48: ” میں ہوں وہ زندگی کی روٹی جو آسمان سے اُتری۔ ” (آیت 51)

خُدا کو پودے لگانے والے اور فصل کاٹنے والے کے طور پر دریافت کرنے کا ہمارا پندرہواں سفر یوحنا کی انجیل کے اس حوالے سے اختتام پذیر ہوتا ہے، جہاں یسوع نے ہجوم کے سامنے اعلان کیا کہ وہ زندگی کی روٹی ہے۔

اور یہ کہ جو بھی اِس میں سے کھائے گا وہ ہمیشہ کی زندگی پائے گا۔ ہجوم کے ذہنوں میں روٹی تھی جب انہوں نے یسوع کا اعلان سنا، کیونکہ اس نے حال ہی میں ایک نوجوان لڑکے کے دوپہر کے کھانے کی روٹی اور مچھلی سے معجزاتی طور پر 5,000 لوگوں کو کھا نا کھلایا تھا۔ ( آیت54)

اُنہوں نے کھایا اور سیر ہو ئے، اور بچ جانے والے بارہ ٹوکروں کو دیکھا (دیکھیں یوحنا 6: 13-1)۔ جیسا کہ ہم دیکھتے ہیں، جب ہم اپنے وسائل خُدا کے ہاتھ میں دیتے ہیں تو خدا کی سخاوت بہت زیادہ ہوتی ہے۔

لیکن بہت سے یہودی رہنما اُس کے اِن الفاظ پر ناراض ہوئے کہ وہ زندگی کی روٹی ہے جو آسمان سے اُتری ۔ ان کے نزدیک اُس کا یہ اعلان خُدا کی توہین تھا۔

پھر جیسا کہ اب، یسوع کے الفاظ نے تفریق پیدا کر دی ۔ کچھ لوگوں نے اس کی پیروی کی جبکہ کچھ پیچھے ہٹا دیے گئے۔

اس حوالے میں ہم خدا کے زرعی منصوبوں کی روحانی ترقی کو دیکھتے ہیں۔ وہ اپنے بیجوں کو زرخیز مٹی میں لگاتا ہے جس کی وہ دیکھ بھال اور نگہداشت کرتا ہے، شکار کرنے والے پرندوں کو دور رکھتا ہے اور بارشوں کو موسم کے مُطابق بھیجتا ہے تاکہ پرورش اور نشوونما ہو۔

وہ اناج کے اچھے دانےکاٹتا ہے۔ پھر وہ اناج کو زندہ، تازہ روٹی میں بدلتا ہےاور یوُں وہ ہماری خدمت کرتا ہے – زندگی کی روٹی، یسوع۔ کیسی خُوشی کی خبر ہے !

ہم پاک شراکت میں اپنے باقاعدہ عمل کے ذریعے یسوع کی ضیافت میں شریک ہوتے ہیں۔ ہم انگوُر کا شیرہ اور روٹی کو یسوع کے خُون اور بدن کے طور پر لیتے اور کھاتے ہیں، اِس بات کی یادگاری میں کہ وہ ہمارے لیے مرا ۔

اُس کی زندہ حضوُری ہم میں سکُونت کرتی ہے، ہمیں برقرار رکھتی ہے اور ہمیں طاقت، امید اور محبت دیتی ہے۔ یہ نئی زندگی کی روٹی ہے۔ دُعا ہے کہ ہم اِس میں سے کھائیں اور سیر ہو جائیں، اور خُدا توفیق بخشے کہ ہم اِس کھانے کو اِس دنیا کے ساتھ بانٹ سکیں جو حقیقی طور پرسیر کرتا ہے۔


دُعا: "اے خُدا  باپ، توُ ہمیں تازہ روٹی کھلاتا ہے جو کبھی باسی یا سڑی ہوئی نہیں ہوتی۔ فضل بخش کہ ہم کھائیں اور اِس حیرت انگیز تحفہ سے مضبوط ہوں۔ آمین”

عملی اقدام : چند روٹیا ں بنانے پر غور کریں۔ جب آپ آٹا  گُوندھتے اور پکانے سے پہلے  اُسے پُھولنے کے لئے  کچھ وقت رکھتے ہیں ، اور  اِس کام میں تمام عوامل  سے گُزرتے ہیں ، تو غور کریں کہ یسوع  کیسے زندگی کی روٹی ہے۔

غور کرنے کے لیے کتاب : اِستشنا 8: 3-1, زبور 78: 25-23, متی 4: 11-1, متی 26: 29-26